Sacc header image 2

وزیراعظم نے مالاکنڈ ڈویژن کو آفت زدہ علاقہ قرار دیدیا ، تمام قرضے معاف کرنے کا اعلان

May 26th, 2009 · 1 Comment

آئین پاکستان کے تحت متاثرین ملک کے کسی بھی حصے میں جا سکتے ہیں

پاک بھارت تصفیہ طلب مسائل میں کشمیر کور ایشو ہے

کسانوں اور کاشتکاروں کی سفارشات کو مد نظر رکھتے ہوئے زرعی پالیسی بنائی جائیگی

یوسف رضا گیلانی کا کسان کنونشن سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو

اسلام آباد۔ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے مالاکنڈ ڈویژن کو آفت زدہ علاقہ قرار دیتے ہوئے تمام قرضے معاف کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ وزیراعظم نے واضح کیا ہے کہ آئین پاکستان کے تحت متاثرین ملک کے کسی بھی حصے میں جا سکتے ہیں پاک بھارت تصفیہ طلب مسائل میں مسئلہ کشمیر کور ایشو ہے ۔ کسانوں اور کاشتکاروں کی سفارشات کو مد نظر رکھتے ہوئے زرعی پالیسی بنائی جائے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو کنونشن سنٹر اسلام آباد میں کسان کنونشن سے خطاب اور صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کسانوں اورپاکستان پیپلزپارٹی کے درمیان چولی دامن کا ساتھ ہے پیپلزپارٹی جب بھی برسراقتدار آئی کسان دوست پالیسی اختیار کی گئی وزیراعظم نے کہا کہ پوری دنیا کو خوراک کے بحران کا سامنا رہا ۔ پاکستان بھی اس سے متاثر ہوا ۔ ہم نے اپنی معیشت کو زراعت کی طرف منتقل کردیا ہے جب باگ دوڑ سنبھالی تو گندم کی 450 سپورٹ پرائس کو بڑھا کر 625 روپے سے ایک سال میں 950 روپے کردیا ۔ گندم کی درآمد کی وجہ سے دنیا میں ملک کی تذلیل ہو رہی تھی۔زرعی ملک ہونے کے باوجود دنیا سے گندم مانگ رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ گندم درآمد کرنے کے حوالے سے یہ سبسڈی اپنے کسانوں کو دینے کا فیصلہ کیا زراعت پر بھرپور توجہد ی جا رہی ہے یہ معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے نئی زرعی پالیسی کے بارے میں چاروں صوبوں کو بھی اعتماد میںل یا جائے گا کیونکہ زراعت صوبائی معاملہ ہے ۔ ملک میں کوآپریٹو فارمنگ کو فروغ دیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ آبی وسائل کی ترقی کے حوالے سے حکومت کے موثر اقدامات کئے ہیں ۔ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لیے جامع ٹھوس پلاننگ کی ہے۔ ہر ماہ نئے پلانٹ کا افتتاح کیا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر سمیت ملک بھر کے عوام ہمارے بھائی ہیں ۔ پانی کی قلت آ سکتی ہے۔ ہم نے ڈیمز بنانے ہیں سب پلاننگ کر رہے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ رقبہ زیر کاشت آ جائے ۔ فصلوں کی انشورنس شروع کر دی گئی ہے ۔ سستے ٹریکٹر کی فراہمی کی سکیم بھی شروع ہے ۔قرضوں کے حوالے سے پانچ سالہ پروگرام شروع کیا ہے جس کے آسان شرائط پر تین سالہ قرضے دئیے جائیں ۔ ڈیری کو فروع دیا جائے گا۔ وزیر اعظم نے کہاکہ بلوچستان بہت زیادہ پسماندہ صوبہ ہے ۔ پاکستان کے لیے اس صوبے نے بہت قربانیاں دی ہیں ۔ احساس محرومی کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ اے پی سی کے حوالے سے پارٹی کا اجلاس طلب کیا جائے گا۔ تمام ہوم ورک مکمل کر کے اے پی سی بلائی جائے گی ۔ انہوں نے زرعی شعبہ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرے کرنے والے کسانوں میں ٹریکٹرز کی تقسیم کا اعلان کیا ۔کنونشن میں شریک کسانوں کے مطالبے پر وزیر اعظم نے کہاکہ آزاد کشمیر میں زرعی تحقیقاتی مرکز ، قائم کیا جائے۔ مینگو ، کینو ، کھجور کی گریڈنگ اور پروسیسنگ کے لیے خاطر خواہ سہولتیں فراہم کی جائیں۔ وزیر اعظم نے ملا کنڈ ڈویژن کو آفت زدہ علاقہ قرار دیتے ہوئے زرعی اور دیگر تمام قرضے معاف کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہاکہ لوگوں نے شر پسندوں کی وجہ سے نقل مکانی کی ہے ملک کا کل بہتر بنانے کے لیے قربانی دی ہے ۔ انہوں نے متاثرین ملاکنڈ ڈویژن کی کھیتوں میں تیار فصلوں کے حوالے سے سپیشل سپورٹ پروگرام کو خصوصی انتظامات کرنے اور ان فصلوں کے معاوضوں کی ادائیگی کی بھی ہدایت کی ۔ کسان کنونشن کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہاکہ سوات اور مالا کنڈ سے نقل مکانی کرنے والے افراد آئین کے تحت کہیں بھی جا سکتے ہیں۔ جہاں جہاں ان کے عزیز موجود ہیں ۔ وہاں لوگ گئے ہیں ۔ ہم صرف ان کی رجسٹریشن اس لیے کر رہے ہیں تاکہ ان کی مدد اور تعمیر نو کے لیے ان سے رابطہ کرنے میں آسانی ہو ۔ انہوں نے کہاکہ ہم بین الاقوامی برادری سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ آگے بڑھ کر نقل مکانی کرنے والے افراد کی مدد کریں ۔ زرعی ٹیکس کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں وزیر اعظم نے کہاکہ ابھی اس پر تبصرہ کرنا قبل از وقت ہو گا۔ اس حوالے سے میں پہلے وزارت خزانہ اور مشیر خزانہ سے مشاورت کروں گا پھر کوئی بات کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ میں بھارت کی نئی حکومت اور وزیر اعظم من موہن سنگھ کو دوسری بار منتخب ہونے پر مبارکباد دیتا ہوں ۔ ہم افغانستان ، ایران اور بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان تمام ایشوز پر امن طور پر حل ہونے چاہےئں جن میں مسئلہ کشمیر کو ایشو ہے

1 response so far ↓

  • 1 آج کے تازہ کالم // Nov 11, 2009 at 8:30 pm

    [...] وزیراعظم نے مالاکنڈ ڈویژن کو آفت زدہ علاقہ قرار دیدیا ،… وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے مالاکنڈ ڈویژن کو آفت زدہ علاقہ قرار دیتے ہوئے تمام قرضے معاف کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ وزیراعظم نے واضح کیا ہے کہ آئین پاکستان کے تحت متاثرین ملک کے کسی بھی حصے میں جا سکتے ہیں پاک بھارت تصفیہ طلب مسائل میں مسئلہ کشمیر کور ایشو ہے کسانوں اور کاشتکاروں کی سفارشات کو مد نظر رکھتے ہوئے زرعی پالیسی بنائی جائے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو کنونشن سنٹر اسلام آباد میں کسان کنونشن سے خطاب اور صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کسانوں اورپاکستان پیپلزپارٹی کے درمیان چولی دامن کاساتھ ہے۔مزید۔۔۔۔۔۔ [...]

You must log in to post a comment.